محبت: ہردل کی اپنی حقیقت
کسی ذی شعور پر یہ مخفی نہیں کہ محبت کا لفظ جس قدر شہرت اور مقبولیت کا حامل ہے، اسی قدر اس کے مفہوم میں وسعت اور گہرائی پائی جاتی ہے۔ ہر زبان پر اس کا چرچا ہے، ہر دل میں اس کا نقش ہے، ہر محفل میں اس کا تذکرہ ہے، اور ہر فکر میں اس کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ مگر تعجب خیز امر یہ ہے کہ جس لفظ کی شہرت آفاق گیر ہو چکی ہے، اسی کے معنی میں دنیا بھر کے اذہان میں انتشار اور افتراق پایا جاتا ہے۔ ہر ایک نے محبت کو اپنی سمجھ، اپنے ذوق، اور اپنی بصیرت کے آئینے میں دیکھا، اور جو عکس ابھرا، اسے محبت کا چہرہ سمجھ لیا۔ چنانچہ سب کے خیالات جداگانہ، سب کے تصورات مختلف، سب کی رائیں الگ الگ، اور سب کی تعریفیں اپنی اپنی راہ لیے ہوئے ہیں ــــــــــــــــ
اہلِ ذوق اور اہلِ دل نے محبت کو مختلف انداز میں بیان کیا ہے۔ کسی نے کہا کہ محبت دیوانگی کا دوسرا نام ہے، کہ جب دل عشق میں گرفتار ہوتا ہے تو خرد کے قافلے بکھر جاتے ہیں اور شعور کے چراغ گل ہو جاتے ہیں۔ محبت کا مفہوم بے خودی اور دیوانگی ہے، اور یہی محبت کی وہ بلند ترین منزل ہے جہاں عقل سرنگوں اور جنون سرفراز ہوتا ہے۔
کسی نے فرمایا کہ محبت ایک لطیف جذبہ ہے، جو دل کے نہاں خانوں سے اُبھرتا ہے اور روح کے نہاں گوشوں کو سرشار کر دیتا ہے۔ یہ ایک ایسی آگ ہے، جو جلتی ہے مگر راکھ نہیں کرتی؛ جو روشن کرتی ہے مگر آنکھوں کو خیرہ نہیں کرتی؛ جو جلاتی ہے مگر وجود کو نیست و نابود نہیں کرتی، بلکہ نکھارتی اور سنوارتی ہے ــــــــــــــــ
کچھ صاحبانِ فکر نے کہا کہ محبت دراصل فطرتِ انسانی کی صدا ہے۔ یہ انسان کی جبلت میں پیوستہ وہ نورانی جذبہ ہے، جو اُسے اپنے خالق سے جوڑتا ہے، مخلوق سے قریب کرتا ہے، اور اپنی ذات سے ماورا کر کے کائنات کی وسعتوں میں پھیلا دیتا ہے۔
اہلِ معرفت کا قول ہے کہ محبت فنا کا نام ہے — خودی کے بت کو پاش پاش کرنے کا عمل؛ اپنی خواہشات اور ارادوں کو محبوب کی رضا میں گم کر دینے کا نام۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان بندگی کے عروج پر پہنچتا ہے اور ربانی قرب کے ذائقے سے آشنا ہوتا ہے۔
الحاصل: محبت کیا ہے؟
یہ ایک سوال نہیں، بلکہ ایک سمندر ہے، جس میں ہر دل کی کشتی اپنی اپنی وسعت کے مطابق تیرتی ہے۔ کسی کے لیے یہ دنیاوی تعلقات کا حسین رشتہ ہے، کسی کے لیے روحانی ارتقا کا زینہ، اور کسی کے لیے محض ایک خواب، ایک فسانہ، ایک لذتِ ناتمام۔
لیکن ایک بات طے ہے کہ محبت کی تاثیر میں کوئی اختلاف نہیں — یہ دلوں کو جوڑتی ہے، فاصلے مٹاتی ہے، اور انسان کو اس کی اعلیٰ ترین منزل کی جانب لے جاتی ہے۔ محبت ایک قوت ہے، ایک طاقت ہے، ایک انقلاب ہے، جو دلوں میں برپا ہوتا ہے اور دنیا کے نقشے بدل دیتا ہے ــــــــــــــــ
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ